سستی یا کاہلی دور کرنے کی دعا
سوال:عالی جناب میرے ایک خالہ زاد بھائی نے خصوصی طور پر میرے ذریعے یہ سوال پوچھا ہے کہ وہ نماز روزوں کی بالکل پابندی نہیں کرپاتا صرف اور صرف اپنی کاہلی کی وجہ سے ، برائے مہربانی کوئی وظیفہ جو روزانہ پڑھا جا سکے ، نوازئیے گا،یا کوئی قران مجیدکی آیت جس کی تعویز بنا کرباندھا جا سکے ، نیز میرے لئے بھی دعا کی درخواست ہے ۔ شکریہ
جواب نمبر: 162797
بسم الله الرحمن الرحيم
Fatwa:1183-1092/M=10/1439
صرف تعویذ باندھنے اور وظیفہ پڑھنے سے سستی، کاہلی دور نہیں ہوتی بلکہ اس کے لیے فکر وکوشش، اور ہمت و حوصلہ بھی چاہیے، آپ اپنے خالہ زاد بھائی سے کہہ دیں کہ نماز کے اوقات میں نماز ادا کرنے کی پوری فکر کریں، آپ بھی یاد دہانی کرادیا کریں تاکہ غفلت نہ ہو اور نماز کے بعد بھی خبرگیری کرلیا کریں، اگر وہ بھائی قریب رہتا ہو تو ساتھ مسجد لے جایا کریں، تھوڑے دنوں تک اس کے پیچھے محنت کریں توقع ہے کہ اس کو نماز کی پابندی نصیب ہوجائے گی، اسے یہ دعا پڑھنے کے لیے بھی کہہ دیں: یَا مُثَبِّتَ الْقُلُوبِ ثَبِّتْ قَلبی علی طاعتک․ اللہ تعالیٰ ہم سب کو نمازوں کی ادائیگی کی توفیق مرحمت فرمائے اور دنیا وآخرت کی بھلائیاں نصیب کرے۔ (آمین)
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند