صلاة التوبہ کی نماز کا طریقہ کیا ہے؟
صلاة التوبہ کی نماز کا طریقہ کیا ہے؟ اور اس میں کون سے سورتیں پڑھنا بہتر ہے اور توبہ کا طریقہ کیا ہے؟ صلاة الحاجة کی نماز میں کن سورتوں کی تلاوت کرنی بہتر ہے اور اس کا طریقہ کیا ہے؟ محرم میں کون سا ذکر کرنا افضل ہے؟
سوال:

جواب نمبر: 10346
بسم الله الرحمن الرحيم
فتوی: 90=90/ د
تازہ وضو کرکے دو رکعت نماز توبہ کی نیت باندھے، پہلی رکعت میں بعد سورہٴ فاتحہ کے بہتر ہے کہ قل یا ایہا الکافرون اوردوسری رکعت میں بعد سورہٴ فاتحہ کے سورہٴ اخلاص پڑھے۔ اور سلام پھیرنے کے بعد اللہ سے رو کر گڑگڑاکر خوب معافی مانگے۔ گناہ کو یاد کرکے شرم و ندامت محسوس کرے۔ نفس کو ملامت کرے، پختہ عزم کرے کہ اب آئندہ گناہ نہ کرے گا۔ کسی کا حق واجب ہو تو اسے ادا کرے۔ کسی کی غیبت و بے آبروئی کی ہو تو اس سے سب کہا سنا معاف کرالے۔
(۲) صلات الحاجت میں کوئی سورت متعین نہیں ہے، پہلی رکعت میں دو رکعت نماز پڑھ کر بعد سلام پھیرنے کے درود شریف پڑھ کر اللہ کی حمد و ثنا کرے مثلاً سبحان اللہ والحمد للہ ولا الٰہ الا اللہ واللہ اکبر ولا حول ولا قوة الا باللہ العلی العظیم پڑھ کر اللہ تعالیٰ سے اپنی حاجات و ضروریات کے لیے دعا کرے۔
(۳) کوئی مخصوص ذکر منقول نہیں ہے۔
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند
Tag:توبہ